نئی دہلی،24 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا) دہلی پولیس نے راگنی تیواری عرف جانکی بہن کے خلاف سوشل میڈیا پر کھلی دھمکی دینے پر ایف آئی آر درج کی ہے۔
نارتھ ایسٹ دہلی پولیس نے راگنی تیواری کے خلاف آئی پی سی 153 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ ان پر سوشل میڈیا پر دہلی کے سرحدی علاقوں میں ناراض کسانوں کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک اشتعال انگیز ویڈیو شائع کی، جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ اگر کسان 17 دسمبر تک سڑکوں سے نہیں ہٹے تو وہ وہی کریں گی جیسا کہ انہوں جعفر آباد میں دہلی کے فسادات کے دوران کیا تھا۔
راگنی تیواری کے خلاف جعفرآباد پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جب دہلی پولیس ان کے گھر پہنچی تو وہ لاپتہ تھیں۔ فی الحال پولیس نے ان کو سمن جاری کیا ہے اور کیس کی چھان بین شروع کردی ہے۔
راگنی تیواری کے بارے میں جو خود کو ہندوتوا رہنما بتاتی ہیں، پولیس اس بارے میں تحقیقات کررہی ہے کہ دہلی فسادات میں ان کا کیا کردار تھا؟
فسادات سے قبل پولیس کو 2 ویڈیوز موج پور چوک پر اشتعال انگیز باتیں کرنے اور پتھراؤ کرنے کی کچھ ویڈیوز ملی تھیں۔